Education Plan

تعارف Introduction 

دینی علوم کی ترویج و اشاعت اور  عصری تقاضوں سے ہم آہنگی  ہر دور کی بنیادی ضرورت  رہی ہے مگر دور حاضر میں بڑھتے ہوئے سماجی  مسائل ، فکری انتشار  ، اخلاقی زبوں حالی  اور عدم برداشت کے ماحول میں اس کی ضرورت  مزید بھی بڑھ جاتی ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ نسل نو کو  معیاری تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا جائےتا کہ معاشرے کیلئے قابل ، با کردار اور متوازن افراد میسر آ سکیں۔ اس مقصد کیلئے ایسے جامع اور مؤثر تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے جہاں دینی و عصری علوم کا بیک وقت اہتمام ہو اور اس کے ساتھ ایک مضبوط نظام تربیت ہو۔ پسماندہ علاقوں میں اس کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے کیونکہ جو لوگ اپنی زندگی کی بنیادی ضروریات کو پورا نہیں کر پاتے وہ اپنے بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت کا فريضہ کیسے سر انجام دیں ! الاذان ایجوکیشنل کمپلیکس کی صورت میں ایک   ایسے ہی  معیاری تعلیمی ادارے  کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

علی پور  کی جغرافیائی اہمیتGeographical Importance    

علی پور کی جغرافیائی اہمیت یہ ہے کہ یہ شہر  پانچ دریاؤں کے سنگم ہیڈ پنجند سے دس کلومیٹر کے فاصلہ پر جنوبی پنجاب کے تین ڈویژنوں ڈیرہ غازی خان  ،  ملتان اور بہاولپور کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز سے تقریباً  برابر مسافت پر واقع ہے۔ گویا یہ شہر ان تینوں ڈویژنوں  کا سنگم ہے۔ ان تین ڈویژنز کی کل آبادی تقریباً  ساڑھے تین کروڑ  ہے جبکہ خواندگی کی  شرح ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژنز 48%  اورڈویژن  ملتان کی شرح خواندگی 60%  ہے۔ جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ مجموعی طور پر تقریباً نصف آبادی ناخواندہ ہے۔ اسی طرح ایک سروے کے مطابق گرد و نواح میں تقریباً 70 سے 80 کلومیٹر تک کی مسافت پر اس نوعیت کا کوئی  ایسا ادارہ  موجود نہیں جو طلباء  و طالبات کی بیک وقت دینی و عصری تعلیم کا اہتمام کرتا ہو۔ یا تو صرف عصری تعلیم دینے والے سکولز اور کالجز قائم ہیں یا پھر محدود  پیمانے پر  چند ایسے دینی ادارے ہیں جو روایتی انداز میں کام کر رہے ہیں۔ اس صورت حال میں  الاذان جیسا  مثالی  تعلیمی  ادارہ   پورے جنوبی پنجاب  کی اشد ضرورت ہے ۔ جنوبی پنجاب جیسے علاقہ میں  ایسے تعلیمی پراجیکٹ کی ضرورت اور بھی بڑھ جاتی ہے جو نہ صرف ان طلباء و طالبات  کو قرآنی اور دینی علوم سے  آراستہ کرکے انہیں دین کے جامع تصورات سے روشناس کرائے  بلکہ ان   کی شرح خواندگی کو بڑھا کر عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بھی  کرے۔

ویژنVision     

دینی و عصری تعلیم اور سیرت سازی کیلئے ایسے منفرد     ادارے کا قیام  عمل میں لانا جو ایک مثالی  معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرسکے۔

بنیادی مقاصد Goals         

  1. دین کے بنیادی مأخذ کی حیثیت سے قرآن اور حدیث کے علوم کا احیاء اور ان کی ترویج و اشاعت کی  سعی  کرنا
  2. اسلام کی حقیقی اقدار کو اجاگر کرتے ہوئے  نسل نو کی تعلیم کے ساتھ ساتھ  تربیت کا فريضہ سرانجام دینا
  3. نسل نو  کو معتدل علمی تصورات سے آراستہ کرتے ہوئے تعلیم برائے روزگار کے ساتھ ساتھ  سیرت و اخلاق کو سنوارنا
  4. اسلامی عقائد کی ترویج و اشاعت اور  عصری مغالطوں کی اصلاح  کے ساتھ ساتھ بنیادی فقہی احکام کی تعلیم و تربیت   کا اہتمام کرنا
  5. ایسے معتدل مزاج جید سکالرز  تیار کرنا  جومستقبل  میں عصری  تقاضوں کے مطابق  ملت کی حقیقی رہنمائی کا فريضہ سرانجام دے سکیں

امتیازاتSalient Features  

  1. دینی و عصری تعلیم کے امتزاج کے ساتھ بہترین نصاب
  2. اقامتی سہولت  اور جامع نظام تربیت  کے ساتھ  سیرت سازی پر خصوصی توجہ
  3. علوم القرآن  و علوم الحدیث  کے احیاء کیلئے مأخذ اصلیہ  کی طرف رجوع
  4. تمام کلاسز کی عصری تعلیم کے ساتھ   بنیادی دینی تعلیم کا ایک منتخب نصاب 
  5. پر اعتماد  ہو کر عالمی دنیا سے مربوط ہو نے کیلئے  سپوکن انگلش و عربی کی خصوصی تعلیم کیلئے ڈیجیٹل لیب

انتظامی  پالیسی 

الاذان ایجوکیشنل کمپلیکس کیلئے ایک ٹرسٹ قائم کیا جارہا ہے جو کہ حسب ضابطہ    پالیسی بنانے اور   جملہ مالی و انتظامی امور چلانے      میں  خود مختار ہوگا ۔ 

علی پور میں قائم ہونے والے  الاذان ایجوکیشن پراجیکٹ  کا تعارف

الاذان گرائمر سکول Al-Azan Grammar School   (AGS)      

الاذان ایجوکیشنل کمپلیکس علی پور کے  تعلیمی منصوبہ  میں ایک سکول  کا قیام  شامل ہے۔ جس میں  پلے گروپ سے لے کر      میٹرک  تک طلباء و طالبات کیلئے الگ الگ کیمپس میں سکول ایجوکیشن کے ساتھ  ساتھ حفظ القرآن ،   اسلامی آداب  اور ایک  منتخب دینی نصاب کی تعلیم شامل ہے۔ نیز جو طلباء و طالبات   علوم شریعہ پڑھنا چاہیں گے انہیں  درجہ ثانویہ عامہ کی تکمیل کروائی جائے گی۔

شعبہ حفظ القرآن 

الاذان گرائمر سکول کے تحت  قائم ہونے والے  شعبہ حفظ میں  پرائمری پاس طلباء و طالبات   کو    الگ الگ کیمپس میں  تین سالہ تعلیمی پروگرام  کے تحت  حفظ القرآن کے ساتھ ساتھ آٹھویں  کلاس تک سکول ایجوکیشن مکمل کروائی جائے گی۔نیز  انہیں  عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے  عربی اور انگریزی زبان  کی بول چال کی تعلیم دی جائے گی تاکہ وہ  مستقبل میں پر اعتماد  ہو کر عالمی دنیا سے مربوط ہو سکیں ۔

ورچوئل اکیڈمی Virtual Academy   

یہ الاذان گرائمر سکول  کے تحت طلباء و طالبات کیلئے  قرآن ایجوکیشن  اور اسلامک ایجوکیشن  کا  ایک آن لائن منصوبہ ہےتاکہ دور دراز کے طلباء و طالبات اور بالخصوص بیرون ملک رہنے والے افراد استفادہ کر سکیں۔

الاذان اسلامک  کالج Al-Azan Islamic College   (AIC)         

الاذان ایجوکیشنل کمپلیکس کے  تعلیمی منصوبہ  میں ایک  کالج  کا قیام  شامل ہے جس میں طلباء و طالبات کو  الگ الگ کیمپس میں انٹرمیڈیٹ  اور   BS   کی تعلیم کے ساتھ  ساتھ    ترجمہ   قرآن  ، مطالعہ حدیث  ،   فقہی  احکام  اور سیرت و  اسلامی آداب   کا    منتخب  نصاب پڑھایا جائے گا۔ 

شعبہ    علوم شریعہ

الاذان اسلامک  کالج کے تحت قائم ہونے والے شعبہ    علوم شریعہ میں  طلباء و طالبات کو   الگ الگ کیمپس میں  الشھادۃ الثانویہ،  الشھادۃ العالیہ  اور الشھادۃ ا لعالمیہ کی تکمیل کروائی جائے گی۔ 

الاذان  اسلامک  یونیورسٹی Al-Azan Islamic University   (AIU)         

مستقبل میں  الاذان ایجوکیشنل کمپلیکس کے  تعلیمی منصوبہ  میں ایک  یونیورسٹی کا قیام   بھی زیر تجویز ہے جس میں علوم شریعۃ   درجہ تخصص اور دورہ حدیث  کے علاوہ مختلف مضامین میں  ایم فل  اور ڈاکٹریٹ کی تعلیم  شامل ہوگی۔